اقوام متحدہ 28 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں اس کے جملہ 86 ارکان عملہ کورونا سے متاثر قرار دئے گئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفان جوجارک نے کہا کہ اقوام متحدہ عملہ کے بیشتر متاثرہ ارکان یوروپ میں ہیں تاہم افریقہ ‘ ایشیا ‘ مشرق وسطی اور امریکہ میں بھی متعین عملہ کے ارکان میں یہ وائرس موجود رہنے کی اطلاعات پائی گئی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اس وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کیلئے اقوام متحدہ عملہ کی اثریت اپنے گھروں سے کام کر رہی ہے ۔ نیویارک میں اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرس میں بھی عملہ کے ارکان کی آمد و رفت کو کم کردیا گیا ہے اور بیشتر ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت دیدی گئی ہے ۔ جنیوا میں بھی جہاں 7000 ارکان اقوام متحدہ کیلئے کام کرتے ہیں اس تعداد کو گھٹا دیا گیا ہے اور صرف 70 ارکان دفتر سے کام کر رہے ہیں۔