اقوام متحدہ میں پاکستان کے غیرذمہ دارانہ ریمارکس

   

ہندوستان کے تذکرہ پر پاکستان مشتعل ہوجاتا ہے : سفیرہند
اقوام متحدہ : ہندوستان نے اقوام متحدہ میں غیرمتعلقہ اور غیرذمہ دارانہ ریمارکس کرنے پر پاکستان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہیکہ جنرل اسمبلی بے بنیاد الزامات کیلئے نہیں بلکہ سنجیدہ مباحث کا فورم ہے۔ ہندوستان کے مستقل نمائندہ برائے اقوام متحدہ سفیر ٹی ایس تریمورتی نے گذشتہ روز جنرل اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران یہ بات کہی۔ وہ سلامتی کونسل میں مساویانہ نمائندگی اور رکنیت میں اضافہ کے مسئلہ پر خطاب کررہے تھے۔ پاکستان کے سفیر برائے اقوام متحدہ منیر اکرم نے اپنی تقریر میں لائن آف کنٹرول کے حوالے دیئے اور ہندوستان کی سلامتی کونسل رکنیت کیلئے دعویداری کی مخالفت کی۔ ہندوستانی قاصد نے اسلام آباد کے روایتی رویہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسمبلی کا وقت غیرذمہ دارانہ ریمارکس کا جواب دیتے ہوئے ضائع کرنا نہیں چاہتے ۔ جیسے ہی ہندوستان کا تذـکرہ ہو پاکستان خواہ مخواہ مشتعل ہوجاتا ہے۔