اقوام متحدہ نمائندے کی شامی وزیر خارجہ سے بات چیت

   

Ferty9 Clinic

دمشق 14 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ کے نمائندے برائے شام نے دمشق میں وزیر خارجہ شام ولید معلم کے ساتھ ملک میں آٹھ سال سے جاری جنگ کے خاتمہ اور سیاسی حل تلاش کرنے کے مسئلہ پر مذاکرات کئے ہیں۔ ناروے سے تعلق رکھنے والے سفارتکار گئیر پیڈرسین نے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تفصیلی بات چیت کی ہے ۔ ہم تمام مسائل پر توجہ کر رہے ہیں تاکہ تمام مسائل کو بات چیت کی میز پر لایا جاسکے ۔ انہوں نے اس کی کوئی وضاحت نہیں کی ۔ اقوام متحدہ کے نمائندے نے کہا کہ وہ شامی عہدیداروں کے ساتھ مزید بات چیت بھی کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ دیکھنا یہ ہے کہ اس بات چیت میں پیشرفت کس طرح کی ہوتی ہے ۔ سرکاری خبر رساں ادارے سانا نے کہا کہ پیڈرسن اور معلم نے شام کے سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کی جاریہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر بھی غور کیا کہ جنگ کے بعد ایک دستور تیار کرنے کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دی جانی چاہئے ۔ دونوں نے اقوام متحدہ نمائندے کی سفارتی سرگرمیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے ۔ انہوں نے مارچ میں آخری مرتبہ شام کا دورہ کیا تھا ۔