نیویارک: اقوام متحدہ نے ممبئی کے معروف ماہر تعلیم اور اسکالرڈاکٹر فیضان عزیزی کو خصوصی درجہ دیا۔ وہ دنیا کے واحد مسلمان ہیں جنہیں تعلیمی ،سماجی اور انسانی حقوق کے معاملات میں بہتر کارکردگی کے لیے با وقار اعزازسے نوازا گیا ہے۔واضح رہے کہ 1940 کے عشرے میں اقوام متحدہ کا قیام دنیا میں سلامتی، امن، یکسانیت کے ساتھ حقوق انسانی کے تحفظ کے لئے عمل میں آیا۔ اسی کے ساتھ اقوام متحدہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور اسکے منشور کو زمینی سطح تک پہنچانے کے لئے اقوام متحدہ باصلاحیت لوگوں اور بہترین کارکردگی کرنے والی تنظیموں کا انتخاب کر کے انھیں خصوصی درجہ دیتا ہے۔ جس کے لئے اقوام متحدہ کی مخصوص کمیٹی جس میں دنیا کے کئی ممالک شامل ہوتے ہیں ان تمام کی منظوری ملنا لازمی ہوتا ہے۔اطلاع کے مطابق کافی سوالات اور مراحل سے گزرنے کے بعد تمام ممالک کو اطمینان بخش جوابات دینے کے بعدخصوصی درجہ دیا جاتا ہے۔ڈاکٹر فیضان عزیزی نے تعلیم، تحفظ انسانیت، سماجی اور کئی شعبوں میں عالمی سطح پر بہترین خدمات انجام دی ہیں۔جس کی ستائش دنیا کی عظیم شخصیات جیسے ڈاکٹر منموہن سنگھ، فرانس کے صدر، وزیراعظم کینیڈا اور نیوزی لینڈ کے دفتر کے علاوہ عیسائیوں کے مذہبی رہنما پوپ فرانسس اور مہاراشٹر کے گورنر وغیرہ نے کی۔انکی تصنیف دنیا کی عظیم یونیورسٹی آکسفورڈ اور کیمبرج وغیرہ میں بھی شامل ہیں۔