جینوا :انسانی امداد میں کمی کے باوجود اقوام متحدہ اور اس کے شراکت داروں نے تنازعات اور دیگر بحرانوں سے متاثرہ دنیا بھر کے 25 کروڑ افراد کی مدد کرنے کا نشانہ رکھا ہے۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے اس عزم کا اظہار ’عالمی یوم انسانی ہمدردی‘ کے موقع پر کیا گیا، یہ دن ہر سال 19 اگست کو اس دن کی یاد میں منایا جاتا ہے جب بغداد میں کینال ہوٹل میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کے باہر ایک خودکش بمبار نے دھماکا خیز مواد سے بھرے ٹرک کو دھماکے سے اڑا دیا تھا۔اس حملے میں ہلاک ہونے والے عملے میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر بھی شامل تھے جو عراق میں اقوام متحدہ کے مشن کے سربراہ بھی تھے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے انسانی ہمدردی کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ بحران بڑھنے کے ساتھ ساتھ انسانی ہمدردی کے تحت امداد دینے والے لاکھوں ضرورت مندوں کی امداد کم کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں جو کہ ناقابل قبول ہے۔