اقوام متحدہ کو شام میں محفوظ علاقہ کی تجویز

   

اقوام متحدہ ،24اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل شمالی شام میں بین الاقوامی محفوظ علاقہ بنانے کے لئے جرمنی کی تجویز پر فیصلہ کرے گی۔ترجمان فرحان حق نے اس کی اطلاع دی۔مسٹر حق نے کہا ایسے کسی بھی فیصلے پر رکن ممالک خصوصی طورپر سلامتی کونسل کے ذریعہ غور وخوض کیاجانا چاہئے ۔اس سے پہلے جرمنی کے وزیر دفاع اینوگریٹ کریمپ ۔کارین باؤئرنے اقوام متحدہ کی سرپرستی میں شمالی شام میں بین الاقوامی محفوظ علاقہ بنانے کی تجویز رکھی تھی۔مسٹرکریمپ -کارین باؤئر ایسے پہلے لیڈر ہیں جنہوں نے یہ تجویز دی تھی کہ شمالی شام میں سرحد پر بین الاقوامی محفوظ علاقہ تیار کرکے زیادہ سے زیادہ کرد شہریوں کو ترکی کی فوجی مہم سے بچایا جائے ۔اس دوران گزشتہ منگل کی رات روسی صدر ولادیمر پوتن اور ترکی کے ان کے ہم منصب رجب طیب اردغان نے اس پر اتفاق ظاہر کرتے کہا کہ روسی فوج پولیس اور شامی سرحد گارڈ 150گھنٹے کے اندر شام۔ترکی کی سرحد پر 18میل تک محفوظ علاقے سے کرد فوج کی واپسی طے کریں گے ۔امریکہ اور ترکی کے درمیان پچھلے ہفتے نیا معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت کرد فوج کو ترکی کے سرحدی علاقے سے اپنے فوجی واپس لینے کا وقت دینے کے لئے پانچ دنوں کی جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا۔اس دوران چہارشنبہ کو امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ ترکی نے ان کے انتظامیہ کو اس بات سے مطلع کرایا ہے کہ شام میں جنگ بندی مستقل طورپر جاری رہے گی۔