طرابلس۔10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) لیبیا میں اقوام متحدہ مشن (یواین ایس ایم آئی ایل ) نے ملک کے جنوبی حصے میں فوری طور پر جنگ ختم کرنے کی اپیل کی ہے ۔یواین ایس ایم آئی ایل نے لیبیا کے جنوبی علاقے میں قبائلی تصادم کے پیش نظر یہ اپیل کی ہے ۔اقوام متحدہ کی مشن نے ایک بیان میں کہا‘‘یواین ایس ایم آئی ایل شہر مرزوق میں موجودہ جنگ جیسی صورتحال کی وجہ سے بہت پریشان ہے جس کی وجہ سے بہت سی اموات ہوئی ہیں ‘‘۔اقوام متحدہ کی مشن نے متاثرین کے اہل خانہ کے تئیں ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے سبھی فریقوں سے فوری طور پر جنگ بندی کی اپیل کی ہے ۔دارالحکومت طرابلس سے تقریبا 780 کلومیٹر دور مرزوق میں پیر سے ہی قبائلی تنازعات ہو رہے ہیں جس میں کئی لوگوں کی موت اورمتعدد دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جنوبی لیبیا پر فروری ہی سے جنرل خلیفہ حفتر کی قیادت والی فوج کا کنٹرول ہے ۔قابل ذکر ہے کہ سال 2011 میں کرنل معمر قذافی کو اقتدار سے ہٹا کر ان کے قتل کے بعد سے عدم استحکام سے دو چار لیبیا میں ایک نیا بحران پیدا ہو گیا ہے ۔
S-400 میزائلس : امریکہ کوئی غلط قدم نہ اٹھائے : ترکی
انقرہ۔ 10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ترکی نے امریکہ کی ایکبار پھر انتباہ دیا ہے کہ ترکی کی جانب سے روسی S-400 میزائل ڈیفنس سسٹم کی خریدی پر وہ (امریکہ) کوئی غلط قدم نہ اٹھائے کیونکہ امریکہ نے بھی ترکی کو سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے۔ ترکی کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کئے گئے۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم امریکہ کو اس بات کیلئے آمادہ کرنا چاہتے ہیں کہ وہ سفارتی تعلقات کو بدستور قائم رکھنے کیلئے بات چیت کا راستہ کھلا رکھے۔ امریکہ کا کوئی غلط قدم حالات کو مزید سنگین بنا سکتا ہے۔
