نیویارک: اقوام متحدہ کی جانب سے میانمار فوج سے شہریوں پر ظلم و ستم ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ عالمی ادارے کے انسانی حقوق کی کمشنر مشیل باچیلیٹ کے بقول، ’’میانمار فوج مظاہرین کو قتل اور گرفتار کرنے کی کارروائیاں بند کرے۔‘‘ میانمار میں یکم فروری کو ہوئی فوجی بغاوت کے خلاف ہونے والے ملک گیر مظاہروں میں اب تک 50 سے زائد ہلاکتیں ہوئیں اور 1700 سے زائد گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔ سکیورٹی فورسز کی طرف سے فائرنگ اور گرفتاریوں کے خطرے کے باوجود متعدد افراد مسلسل سڑکوں پر سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔
