اقوام متحدہ : اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریس نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے میں آباد کاری سے متعلق تمام سرگرمیاں فوری اور مکمل طور پر بند کرے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان نے آج یہ اطلاع دی۔اپنے بیان میں، اقوام متحدہ کے سربراہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے کہا کہ گوٹیریس اسرائیلی حکومت کے ذریعہ اتوار کے روز آبادکاری کی منصوبہ بندی کے طریقہ کار میں ترمیم کے فیصلے سے بہت پریشان ہیں۔ حق نے کہا کہ ان تبدیلیوں سے مشرقی یروشلم سمیت مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کاری کی منصوبہ بندی کے عمل میں تیزی آنے کا امکان ہے۔ گوٹیریس اگلے ہفتے اسرائیلی منصوبہ بندی کے اہلکاروں کے ذریعہ 4,000 سے زیادہ سیٹلمنٹ ہاؤسنگ یونٹس پر ممکنہ پیش رفت پر بھی کافی فکرمند تھے ۔ترجمان نے کہاکہ سکریٹری جنرل اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ یہ بستیاں بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہیں اور ایک قابل عمل دو ریاستی حل اور منصفانہ، دیرپا اور جامع امن کے حصول میں بڑی رکاوٹ ہے۔