اقوام متحدہ، 29 دسمبر (اسپوتنک) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ہونے والے دہشت گردانہ حملہ کی مذمت کی ہے ۔مسٹر گوٹریس کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے ہفتہ کو کہا، “اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے موغادیشو میں 28 دسمبر کو ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ انہوں نے مرنے والوں کے اہل خانہ کے تئیں تعزیت اور زخمیوں کے جلد صحت مند ہونے کی دعا کی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس گھناؤنے جرم کے قصورواروں کو ضرور سزا دی جانی چاہئے ’’۔مسٹر گوٹریس نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ صومالیہ کی حکومت اور وہاں کے لوگوں کی مدد کے لئے مکمل طور پر مصروف عمل ہے ۔مقامی حکام کے مطابق موغادیشو کے بیرونی علاقے میں 28 دسمبر کو ہونے والے کار بم دھماکے میں 90 افراد ہلاک اور اتنے ہی زخمی ہو گئے ۔ وہیں مقامی میڈیا کے مطابق اس حملے میں 125 افراد زخمی ہوئے ہیں۔