اقوام متحدہ : یو این جنرل اسمبلی نے پیر کو اتفاق رائے سے ایک اعلامیہ منظور کیا جو عالمی ادارے کے 75 سال کی تکمیل کے موقع پر بنایا گیا ہے ۔ اس میں دہشت گردی سے لڑنے کے میکانزم کو مضبوط کرنے ، کثیررُخی نظام میں اصلاحات لانے ، تمام طبقات کی ترقی اور کوویڈ۔19 وباء جیسے چیلنجوں سے بہتر طورپر نمٹنے پر زور دیا گیاہے ۔ یہ تاریخی اعلامیہ 193 رکنی اسمبلی کی اعلیٰ سطح کی میٹنگ میں منظور کیا گیا ۔ یہ قابل ذکر ہے کہ سلامتی کونسل کے غیرمستقل رُکن کی حیثیت سے ہندوستان کی ترجیحات کا آج کے اعلامیہ میں عکس ملتا ہے ۔ نئی دہلی نے دہشت گردی ، اقوا م متحدہ میں اصلاحات اور سب کی ترقی جیسے موضوعات پر اپنی رائے پیش کی ہے ۔ اعلامیہ کی تیاری کے سلسلے میں مذاکرات کے عمل میں بھی ہندوستان کا سرگرم رول رہا ۔