اقوام متحدہ :یمن جنگی جرائم کی تحقیقات جاری رکھنے کی قرارداد مسترد

   

نیویارک۔ اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل میں یمن جنگی جرائم کی تحقیقات جاری رکھنے کی قرارداد مسترد کر دی گئی ہے۔قرارداد کے مسترد ہونے کو مغربی ممالک کی شکست کہا جارہا ہے، مغربی ممالک یمن میں جنگی جرائم کی تحقیقات جاری رکھنا چاہتے تھے۔ امریکی میڈیا کے مطابق نیدرلینڈز نے یمن میں جنگی جرائم کی تحقیقات مزید 2 سال جاری رکھنے کی قرارداد پیش کی تھی۔قرارداد کو پاکستان، چین، روس، بحرین سمیت 21 رکن ممالک نے مسترد کیا جبکہ برطانیہ، فرانس جرمنی سمیت 18 ارکان نے قرارداد کی حمایت کی۔ یمن میں 7 سال سے جاری خانہ جنگی میں ایک لاکھ سے زائد افراد ہلاک اور 40 لاکھ بے گھر ہوئے ہیں، اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کی آزادانہ تحقیقات کے مطابق یمن تنازعہ میں تمام فریقین جنگی جرائم میں ملوث رہے ہیں۔