یوم اساتذہ پر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی منفرد تقریب اساتذہ میں ایوارڈ کی تقسیم
خون کے عطیہ کیمپ کا انعقاد، 22 اساتذہ کو عمرہ اور ایک خوش نصیب ٹیچر کا عمرہ اور حج کی ادائیگی کیلئے انتخاب
حیدرآباد ۔ 5 ستمبر (سیاست نیوز) محسن انسانیت معلم انسانیت حضوراکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے زندگی کے ہر ہر گوشہ پر ہماری رہنمائی کی اور خاص طور پر علم کے شعبہ پر آپؐ نے خصوصی توجہ فرمائی، جس کے نتیجہ میں صدیوں تک ساری دنیا میں مسلمانوںکا ڈنکا بجتا رہا۔ زندگی کا کوئی ایسا شعبہ نہیں تھا جس میں مسلمانوں نے اپنی موجودگی کا احساس نہ دلایا ہو۔ آج کی مہذب دنیا کو ان عرب سیاستدانوں، ماہرین طب، ماہرین ریاضی، ماہرین علم فلکیات، ماہرین طبقات الارض، ماہرین تعمیرات، ماہرین جغرافیہ، ماہرین طبعیات، ماہرین کیمیا، ماہرین حیوانات کا احسان مند رہنا چاہئے جنہوں نے اس غیرمعمولی علمی صلاحیتوں کے ذریعہ انسانیت کی فلاح و بہبود کی راہیں کھولیں اور دین اسلام نے ہی اساتذہ کو قابل احترام بنایا اور بتایا کہ اقوام کی ترقی ان کی خوشحالی، زندگی کے تمام شعبوں میں ان کی برتری، اساتذہ کے نتیجہ سے ہی ممکن ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی جانب سے 10 روز سے اساتذہ کے اعزاز میں جاری تقاریب کی اختتامی تقریب سے خطاب میں صدرنشین ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی جناب محمد لطیف خان، سینئر ڈائرکٹر ڈاکٹر معظم حسین، منیجنگ ڈائرکٹر جناب انوراحمد، ڈائرکٹر جناب جواد، نائب صدرنشین محترمہ نزہت خان صوفی، سرپرست ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی و نائب ناظم مجلس علمیہ تلنگانہ و آندھراپردیش مولانا بانعیم اور ماہر شخصیت ساز جناب منورزماں نے اپنے خطاب میں کیا۔ ایک ایسے وقت جبکہ ہمارا ملک آزادی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر آزادی کا امرت مہااتسو منارہا ہے۔ ایم ایس اکیڈیمی نے اساتذہ کے اعتراف خدمات کو بہترین انداز میں منا کر ’’یوم اساتذہ‘‘ کی خوشی دوبالا کردی۔ ان تقاریب کے اختتامی تقریب کی خصوصیات یہ رہی کہ میٹرو کنونشن آرام گھر ایم ایس کے تقریباً 2800 ارکان بشمول 1700 اساتذہ کھچاکھچ بھرا ہوا تھا 125 اساتذہ کو وفاداری ایوارڈس، 32 اساتذہ کو سپریم ٹیچرس ایوارڈ، 26 صدر شعبہ جات کو خصوصی ایوارڈس عطا کئے گئے۔ جب صدرنشین ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی نے یہ اعلان کیا کہ یوم اساتذہ کی خوشی میں ان کے ادارے کی جانب سے ہر سال ایک ٹیچر کو(میاں بیوی) ادائیگی حج کیلئے روانہ کیا جائے۔ چنانچہ کی قرعہ اندازی میں جس خوش نصیب کا نام نکلا وہ ایم ایس جونیر کالج مانصاحب ٹینک برانچ کی پرنسپل محترمہ شاہدہ سلطانہ رہیں جبکہ حسب وعدہ ہر سال 25 اساتذہ (میاں بیوی) کو عمرہ اور انٹرنیشنل ٹور (یہ صرف غیرمسلم اساتذہ کیلئے ہے) بھیجنے قرعہ اندازی کی گئی جس میں 22 خوش نصیب اساتذہ کے نام عمرہ کی قرعہ اندازی میں نکلے جبکہ 3 غیرمسلم اساتذہ کے نام انٹرنیشنل ٹور (دبئی کا سیاحتی سفر) کیلئے نکلے۔ آج کے پروگرام کی ایک اور خصوصیت یہ رہی کہ تقریب میں شریک دو خاتون اساتذہ کی ایک اچھی خاصی تعداد نے خون کا عطیہ کیمپ میں حصہ لیکر اس تقریب کو یادگار بنادیا۔ یہ خون ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی جانب سے تھیلسمیا سے متاثر بچوں کو فراہم کیا جائے گا۔ ایم ایس اکیڈیمی ایجوکیشن کی اہم شخصیت جناب غوث نے بہت خوبصورت انداز میں کارروائی چلائی۔