حیدرآباد۔/26 جولائی، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے آج الاوہ بی بی دبیر پورہ پہنچ کر نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے خصوصی دعا کا اہتمام کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمود علی نے کہا کہ اسلامی تاریخ میں محرم کی تاریخی اہمیت ہے کیونکہ اسی ماہ اسلامی تاریخ کے کئی اہم واقعات پیش آئے۔ 10 محرم کے دن کربلا میں حق و باطل کے درمیان معرکہ ہوا جس میں حضرت امام حسین اور 72 جانثاروں نے قربانی پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ تاقیامت واقعہ کربلا کی یاد تازہ رہے گی اور شہیدان کربلا کو خراج پیش کیا جائے گا۔ محمود علی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں اقلیتوں کی بھلائی کیلئے کئی منفرد اسکیمات شروع کی گئی ہیں۔ حکومت کی جانب سے ہر سال کی طرح محرم کے انتظامات بہتر انداز میں کئے گئے۔ اس موقع پر صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ مسیح اللہ خاں، مجاور حسن الدین اعجاز، بی آر ایس کے اقلیتی قائدین عنایت علی باقری، صلاح الدین لودھی، محمد شریف الدین، عبدالباسط، عارف الدین اور دوسرے موجود تھے۔