راحت و امدادی کام جاری، پڑوسی ممالک کی جانب سے امداد کی پیشکش
تیرانا (البانیہ)۔26 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) البانیہ میں شدید زلزلے نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 16افراد ہلاک ہوگئے۔ زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں اور لوگ ملبے تلے دب گئے۔زلزلے کے نتیجے میں اب تک 16افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے ایک شخص زلزلے کے خوف سے اونچی عمارت سے چھلانگ لگانے کے باعث گرکر ہلاک ہوا۔البانیہ کی وزارت دفاع نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زلزلے میں ابتدائی طور پر 600 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ زلزلہ کے جھٹکے دارالحکومت تیرانا کے علاوہ البانیہ کے ساحلی علاقوں میں بھی محسوس کئے گئے ۔ زلزلے سے ایک ریستوراں مکمل طورپر تباہ ہوگیا۔ زلزلہ منگل کی علی الصبح آیا جس نے دارالحکومت کے 34 کلو میٹر کے شمال مغربی علاقے کو متاثر کیا جبکہ زلزلہ سربیا کے شہر سمیت پورے خطے میں 700 کلو میٹر تک محسوس کیا گیا۔ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو اہلکار اور آرمی کی ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ اطلاعات کے مطابق تین منزلہ عمارت منہدم ہوگئی جس میں لوگ سو رہے تھے۔ امدادی ٹیمیں پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ صبح 4 بجے مقامی وقت کے مطابق محسوس کیا گیا جس کا مبداء البانیہ کے دارالحکومت تیرانا کے شمال مغرب میں 30 کیلو میٹر (19 میل) پر تھا۔ یہ زلزلہ البانیہ کے ساحل کے علاوہ پڑوسی کوسووو، مانٹی نگیرو، یونان اور جنوبی سربیا کے علاقوں میں محسوس کیا گیا۔ حکام نے زلزلہ سے شدید طور پر متاثرہ علاقوں کے عوام سے کہا ہیکہ وہ اپنے مکانوں سے باہر آجائیں۔ کئی عمارتوں کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔ تمام سرکاری ایجنسیاں راحت اور امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ 400 سے زیادہ فوجی پناہ گزینوں کیلئے خیمے لگانے میں مصروف ہیں۔ حکام نے مزید بتایا کہ پڑوسی ممالک یوروپی یونین اور امریکہ نے مدد کی پیشکش کی ہے۔