استنبول ۔ 7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی دھاوے میں مارے گئے داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی بیوی کو گذشتہ سال گرفتار کیا گیا تھا اور اس نے اپنی گرفتاری کے بعد جہادی گروپ کے کام کرنے کے داخلی طریقہ کار کا انکشاف کیا تھا۔ ایک ترک عہدیدار نے یہ بات بتائی اور یہ بھی کہا کہ بغدادی کی بیوی نے خود کی شناخت رانیہ محمود کی حیثیت سے کروائی تھی جبکہ اس کا اصلی نام اسماء فوزی محمد القبیسی تھا اور وہ البغدادی کی پہلی بیوی تھی۔ اسے 2 جون 2018ء کو صوبہ ہاتے سے دیگر 10 افراد کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا جن میں بغدادی کی بیٹی بھی شامل تھی جس نے اپنا تعارف بحیثیت لیلیٰ جابرکروایا تھا۔ عہدیدار نے مزید بتایا کہ ان تمام کے بغدادی کیساتھ رشتہ کی بغدادی کے ڈی این اے ٹسٹ سے توثیق کی گئی جو عراقی حکام نے فراہم کی تھی۔
