الجزائر سٹی۔14اپریل (سیاست ڈاٹ کام) الجزائر میں پولیس نے افراتفری پھیلانے اور مظاہروں کی آڑ میں ملک میں بدامنی کو ہوا دینے کے الزام میں عوام کے ساتھ کئی غیر ملکیوں کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق الجزائر کی سیکورٹی فورسز کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ مظاہروں کی آڑ میں پولیس اہل کاروں پر حملوں میں کم سے کم 83 پولیس اہل کار زخمی ہوگئے۔ پر تشدد مظاہروں کے بعد فورسز نے 180 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے، جو مظاہروں اور احتجاج کی آڑمیں سیکورٹی فورسز کے خلاف حملوں میں ملوث تھے۔ سیکورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد گروپ میں غیر ملکی بھی شامل ہیں، جو ملک میں دہشت گردی اور افراتفری پھیلانے کے لیے بیرون ملک سے بھیجے گئے ہیں۔ گرفتار افراد کے قبضے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔