الجزائر: الجزائر کے جنوب میں واقع ریاست تمنرسیٹ میں مسافروں کو لے جانے والی بس سے کمرشل گاڑی کے ٹکراجانے کے بعد چہارشنبہ کو اس خوفناک ٹریفک حادثے میں 35 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے۔اس حادثے کی تصدیق الجزائر کے ایوان صدر کی طرف سے بھی کی گئی ہے۔الجزائری شہری دفاع کے ایک بیان کے مطابق حادثے کے بعد متاثرہ گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ امدادی کارکنوں نے ٹریفک حادثے کے بعد امدادی کارروائی شروع کی۔سوشل میڈیا پر‘انفو ٹریفک‘ پیج پرایک ویڈیو نشر کی گئی ہے جس میں حادثے کے وقت کودکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دوگاڑیاں آگ لگنے سے جل کر راکھ ہوگئیں۔شہری دفاع کے حکام کا کہنا ہے کہ 9 اور 15 جولائی کے درمیان الجزائر کے متعدد صوبوں میں ٹریفک حادثات میں 42 افراد ہلاک اور 1,697 دیگر شدید طور پر زخمی ہوئے۔ذرائع نے نشاندہی کی کہ ریاست ڈیلفا میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں جہاں 19 ٹریفک حادثات میں 6 افراد جان سے گئے جب کہ 37 دیگر زخمی ہوئے۔اسی عرصے کے دوران شہری دفاع نے 15,011 زخمیوں اور بیماروں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کی اور انہیں اسپتالوں میں منتقل کیا۔ 1,946 مقامات پر آگ پر قابو پالیا جن میں گھروں اور کارخانوں میں لگنے والی آگ کے واقعات شامل ہیں۔درایں اثناء اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے الجزائر میں ٹرک اور مسافر بس کے درمیان ہونیوالے ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ہونے والی اموات پر الجزائری حکومت اور عوام سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔الجزائر میں ٹریفک اور دیگر رونماں ہونے والے حادثات پر قابو پانے کیلئے حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا ۔
