دوحہ : قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ نے فلسطین میں اپنے صحافی کے قتل پر عالمی فوجداری عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اسرائیل نے غزہ میں اپنی جارحیت جاری رکھی ہوئی ہے اور گزشتہ روز خان یونس میں فضائی حملے میں الجزیرہ کا کیمرامین ثمر ابوداقہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہوگیا تھا۔ الجزیرہ کے کیمرامین ثمر ابوداقہ کے ساتھ الجزیرہ غزہ کے بیورو چیف وائل دحدود بھی زخمی ہوئے تھے جن کا پورا خاندان اکتوبر میں ہونے والے اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہو گیا تھا۔الجزیرہ نے کہا کہ اپنے صحافی کے قتل پر عالمی فوجداری عدالت سے رجوع کریں گے اور کیمرہ مین ثمرابوداقہ کے’قتل’ کا معاملہ ہیگ کی عدالت بھجوانے کیلئے قانونی ٹیم کو ہدایت کر دی ہے۔دوسری جانب عرب میڈیا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اسرائیل نے مغربی کنارے کے نورالشمس مہاجر کیمپ پر حملہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے کے بعد اسرائیلی فورسز ایمبولینسوں کو مہاجر کیمپ جانے سے روک رہی ہیں جس کے سبب طبی امداد نہ پہنچنے پر 2 زخمی فلسطینی دم توڑ گئے۔