الجیریا میں مظاہرے ،ایک ہلاک ، 183زخمی

   

قاہرہ3مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) الجیریا کے صدر عبد العزیز بوتفلیقہ کے مسلسل 5 ویں بار صدر منتخب ہونے کا ارادہ ظاہر کئے جانے کی مخالفت میں مظاہرے کے دوران ایک شخص کی موت ہو گئی اور 183 سے زیادہ افراد زخمی ہو گئے ۔ مقامی میڈیا نے ملک کی وزارت صحت کے حوالہ سے یہ رپورٹ دی ہے ۔مسٹر عبد العزیز بوتفلیقہ(82) کے دوبارہ منتخب ہونے کا ارادہ ظاہر کرنے کی مخالفت میں الجیریا کے ہزاروں لوگ جمعہ کے روز سڑکوں پر اتر آئے ۔ انہوں نے 10 فروری کو یہ ارادہ ظاہر کیا تھا۔ ریلیوں کے دوران جھڑپیں ہوئیں اور پرتشدد مظاہرے ہوئے ۔الجیریا پریس سروس نے ایک رپورٹ میں کہا کہ الجیریا میں مختلف صوبوں میں مظاہروں کے دوران کل 183 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق زخمیوں میں سے بیشتر پہلے ہی اسپتال چھوڑ چکے ہیں، صرف پانچ لوگوں کا اب بھی علاج چل رہا ہے جن میں ایک کی حالت نازک ہے ۔ الجیریا میں صدارتی انتخابات 18 اپریل کو ہونے والے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق موجودہ صدر 1999 سے الجیریا پر حکومت کر رہے ہیں۔ انہیں 2013 میں دل کا دورہ پڑنے کے بعد فرانس کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں انہوں نے کئی ہفتے گزارے ۔ وہ اس کے بعد سے شاید ہی کبھی عوامی طور پر سامنے آئے ۔ مسٹر عبد العزیز بوتفلیقہ کا فی الحال سوئٹزرلینڈ میں علاج چل رہا ہے ، ان کی حالت سنگین بتائی گئی ہے ۔