الحدیدہ صوبہ میں مکانات اور مسجد پر حوثیوں کی گولہ باری

   

صنعاء ۔ 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) یمن میں باغی حوثی ملیشیا نے جمعرات کے روز الحدیدہ صوبے کے جنوبی شہر التحیتا میں شہریوں کے مکانات کو بھاری اور درمیانے ہتھیاروں سے بمباری کا نشانہ بنایا۔یمن کے مغربی ساحل پر مشترکہ فورسز کے عسکری میڈیا نے بتایا کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے الحدیدہ صوبے میں روزانہ کی بنیاد پر اقوام متحدہ کے زیر سرپرستی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ملیشیا نے التحیتا میں شہریوں کے گھروں اور مسجد الرحمن کو نشانہ بنایا۔ حوثیوں نے شہریوں کے مکانات پر آتشی ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔ اس کے علاوہ جنونی طریقے بم باری کی گئی جس کے نتیجے میں شہریوں بالخصوص بچوں اور خواتین میں دہشت اور افراتفری پھیل گئی۔التحیتا شہر کے مغربی علاقے میں واقع جامع مسجد الرحمن کو بھی بھاری اور اوسط ہتھیاروں سے نشانہ بنایا۔ یہ عبادت گاہوں اور اللہ کے گھروں کی حرمت کی کھلی پامالی ہے۔ حوثیوں کی وحشیانہ کارروائی میں مسجد کے مینار ،مسجد کی دیواروں اور کھڑکیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔