الحدیدہ پر اسرائیل کی بمباری، تین افراد ہلاک

   

صنعاء : اسرائیل کے جنگی جہازوں نے یمن میں حوثی باغیوں کے کنٹرول کی بندر گاہ الحدیدہ کو نشانہ بنایا ہے جس میں تین افراد ہلاک جب کہ 80 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ حوثی باغیوں کے کنٹرول کے خبر رساں ادارے ’صبا نیوز‘ نے محکمہ صحت کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیل کے حملہ میں 3 افراد ہلاک جب کہ 87 زخمی ہوئے ہیں۔ خبر رساں ادارہ اے ایف پی کے مطابق یہ کارروائی ایران کی پشت پناہی میں سرگرم یمن کے حوثی باغیوں کے اسرائیل کے درالحکومت تل ابیب پر ڈرون حملے کے ایک دن بعد کی گئی ہے جس کی تصدیق فریقین کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔ اسرائیل کی بمباری کے نتیجے میں بندرگاہ سمیت کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی اور سیاہ دھواں اٹھنے لگا۔ یمن کو جزیرہ نما عرب کے غریب ترین ملک میں شمار کیا جاتا ہے جو کئی برس سے خانہ جنگی کا بھی شکار ہے۔ یمن اور اسرائیل کے درمیان لگ بھگ دو ہزار کلو میٹر کا فاصلہ ہے۔ اسرائیل کے وزیرِ دفاع یوو گیلنٹ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی شہریوں کے خون کی ایک قیمت ہے۔ ان کے بقول اگر حوثیوں نے دوبارہ حملہ کرنے کی جرات کی تو حوثیوں کے خلاف مزید کارروائیاں بھی ہو سکتی ہیں۔ گیلنٹ کا مزید کہنا تھا کہ الحدیدہ بندرگاہ پر حملہ مشرقِ وسطیٰ کے اطراف ایران کی پشت پناہی میں سرگرم گروہوں کے لیے بھی تنبیہ ہے جنہوں نے غزہ جنگ کے دوران اسرائیل پر حملوں کا دعویٰ کیا۔