ریاض : الحرمین الشریفین کے انتظامی امور کی ذمے دار صدارت عامہ کے سربراہ الشیخ ڈاکٹرعبدالرحمٰن بن عبدالعزیز السدیس نے کہا ہیکہ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل مسجد الحرام اور مسجدالنبوی الشریف میں کام کرنے والے تمام ملازمین کوکورونا وائرس کی ویکسین لگا دی جائیگی۔انھوں نے صدارت عامہ کے تمام ملازمین پر زوردیا ہے کہ وہ ویکسین لگوائیں اور دونوں مساجد میں کام کرنے اور وہاں آنے والے تمام زائرین کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔کورونا کی مہلک وبا کو پھیلنے سے روکنے میں مدد دیں۔ الشیخ السدیس کا کہنا ہے کہ ’’شریعت کے مطابق کسی مہلک وبائی مرض کو پھیلنے سے روکنا، اس کا علاج اور تدارک نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کے عین مطابق ہے۔‘‘ وہ ایک حدیث نبوی کا حوالہ دیرہے تھے جس میں وبا والے علاقے سے لوگوں کو باہر نکلنے سے منع کیا گیا ہے۔