ڈپٹی چیف منسٹر اے پی امجد باشاہ کا 5 لاکھ روپئے کا عطیہ اور اظہارِ خیال
کڑپہ۔ 28؍اگسٹ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ نائب وزیراعلیٰ آندھرا پردیش امجد باشاہ اور ان کے بھائی انچارج وائی ایس آر کانگریس پارٹی کڑپہ کی جانب سے آج الرحمن امداد ویلفیر سوسائٹی کو ہاسپٹل کی تعمیر کے لئے اپنی جانب سے 5 لاکھ روپئے کا عطیہ دیا۔ واضح رہے کہ الرحمن امداد ویلفیر سوسائٹی 2013ء سے شہر کڑپہ میں مختلف فلاحی خدمات انجام دے رہی ہے۔ صدر سوسائٹی محبوب باشاہ نے اس موقع پر بتایا کہ ہر ماہ سوسائٹی کی جانب سے 500 غریب خاندانوں میں مفت میں راشن کٹس تقسیم کئے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ برائے نام قیمت پر امبولنس کا نظم بھی ہے۔ لاک ڈاؤن کے موقع پر سوسائٹی نے گراں قدر خدمات انجام دئے ہیں جس سے سارا شہر واقف ہے، خصوصاً مفت میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کو امبولنس سربراہ کی گئی۔ کئی بڑے شہروں حیدرآباد، بنگلور اور چینائی کے ہاسپٹلس تک کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کو پہنچایا گیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعلیٰ ایس بی امجد باشاہ نے کہا کہ سوسائٹی کی خدمات کو دیکھتے ہوئے انھوں نے ہاسپٹل کی تعمیر کے لئے 5 لاکھ روپئے کا عطیہ دیا ہے۔ انھوں نے آگے بھی اپنے بھرپور تعاون کا تیقن دیا۔ امجد باشاہ نے کہا کہ سوسائٹی کی خدمات قابل تقلید ہیں جسے دیکھتے ہوئے سوسائٹی کو ہمارا تعاون جاری رہے گا۔ اس موقع پر سوسائٹی کے اراکین باشاہ محی الدین، سلیم جیلاں اور دیگر قائدین موجود تھے۔