ریاض : سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) نے داخلی پروازوں سے سفر کرنے والوں کیلئے گنجائش میں اضافہ کردیا۔ کورونا وبا کے پیش نظر نشستوں سے استفادہ کی تعداد گھٹا دی گئی تھی۔ اب اسے بڑھا کر 52 فیصد کردیا گیا۔ اس پر عملدرآمد یکم ؍ستمبر2021 سے ہوگا۔السعودیہ کا کہنا ہیکہ سفر کے دوران سماجی فاصلے کی پابندی کے پیش نظر داخلی پروازوں سے صرف دو لاکھ 45 ہزار تک نشستیں مسافروں کو مہیا تھیں۔ گنجائش بڑھانے پر نشستوں کی تعداد 3 لاکھ 72 ہزار سے زیادہ کردی گئی۔ اب ایک ہی طیارے سے زیادہ افراد سفر کرسکیں گے۔ السعودیہ نے اطمینان دلایا ہیکہ اس کی پروازوں سے سفر کرنے والے اور انہیں مختلف سہولتیں فراہم کرنے والے کورونا وبا سے محفوظ ہوں گے۔ پروازوں پر وبا سے بچاؤ کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔ احتیاطی تدابیر میں کسی طرح کی کوئی نرمی نہیں کی گئی۔