سلواڈور ۔ وسطی امریکی ملک السلواڈور کے سابق صدر نے نکاراگووا کی شہریت حاصل کر لی ہے۔ ایسا کرنے سے انہوں نے ملک بدری کے خدشے سے نجات حاصل کر لی ہے۔ السلواڈور کے سابق صدر سانچیز سیرین کے لاطینی امریکی ملک نکاراگووا کی شہریت اختیار کرنے کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ ان کا نام ملکی گزٹ میں بھی اب شامل کر دیا گیا ہے۔ اس نئی پیش رفت کے بعد اب السلوڈور کے سابق صدر کو ملک بدر نہیں کیا جا سکے گا۔ ان کے سابقہ ملک نے ان کی گرفتاری کے وارنٹ قریب ایک ہفتہ قبل جاری کیے تھے۔ السلواڈور کی حکومت نے سابق صدر سیرین پر منی لانڈرنگ اور مالی غبن کے ساتھ ساتھ ذاتی اثاثوں میں غیر معمولی اضافہ کرنے کے الزامات عائد کر رکھے ہیں۔ انہی الزامات کے تحت سابقہ ملک کے دارالحکومت سان سلواڈور سے دفترِ استغاثہ نے ان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر رکھے ہیں۔ سانچیز سیرین جنوبی امریکی براعظم کے ملک السلواڈور کے پینتالیسویں صدر تھے۔ ان کی مدت صدارت پہلی جون سن 2014 سے لے کر پہلی جون سن 2019 تک تھی۔ انہوں نے بائیں بازو کی سیاسی جماعت نیشنل لبریشن فرنٹ کے امیدوار کی حیثیت میں صدارتی الیکشن جیتا تھا۔ وہ ملکی خانہ جنگی کے دوران ایک گوریلا لیڈر بھی رہے تھے۔