السیسی اور محمود عباس کی ملاقات میں فلسطینی مفاہمت پر اتفاق

   

قاہرہ: مصری دارالحکومت قاہرہ میں مصری فلسطینی سربراہی اجلاس منعقد ہوا جہاں مصری صدر عبدالفتاح سیسی نے فلسطینی صدر محمود عباس کا استقبال کیا۔ مصر کے ایوان صدر کے سرکاری ترجمان احمد فہمی نے پیر کو بتایا کہ صدر سیسی نے فلسطینی دھڑوں کے اجلاس کی میزبانی کا خیرمقدم کیا جو کل نئے شہر العلمین میں منعقد ہوا اور اس اجلاس میں فلسطینی صدر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں ریاست کی تقسیم کے خاتمے اور فلسطینی قومی اتحاد کی بحالی کے حوالے سے مختلف مسائل اور معاملات پر بات چیت کی گئی۔احمد فہمی نے کہا کہ فلسطینی صدر نے اشارہ کیا کہ دھڑوں کی یہ ملاقات بین الاقوامی، علاقائی اور زمینی سطح پر ہونے والی اہم پیشرفت کی روشنی میں ہو رہی ہے۔ یہ قومی مفاہمت کے حصول کے بہترین طریقے پر تبادلہ خیال کا موقع فراہم کر رہی ہے۔احمد فہمی نے مزید کہا کہ اس ملاقات میں فلسطینی کاز سے متعلق متعدد امور کے حوالے سے موقف اور نقطہ نظر کو مربوط کرنے کے طریقوں پر گفت و شنید کی گئی۔ خاص طور پر امن عمل کو بحال کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ فلسطینیوں کے جائز حقوق کے تحفظ کی ضرورت اور اس حوالے سے کوششوں کو جاری رکھنے پر بات کی گئی۔ دو ریاستی حل پر مبنی جامع، منصفانہ اور دیرپا امن کے حصول پر زور دیا گیا۔