حیدرآباد /23 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) چندرائن گٹہ پولیس نے العارف یونانی میڈیکل کالج بنڈلہ گوڑہ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر احسان الحق کو گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا ہے ۔ اس سلسلہ میں انسپکٹر چندرائن گٹہ مسٹر رودرا بھاسکر نے بتایا کہ احسان الحق کے خلاف پولیس میں دھوکہ دہی اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیاہے اور آج پولیس نے انہیں گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دے دیا ۔ سنتوش نگر علاقہ کے ساکن ا حسان الحق پر طلبہ کے ساتھ دھوکہ دہی اور ان کے مستقبل کو برباد کرنے کے علاوہ کالج کے عملہ کا مبینہ طور پر استعمال کرنے کے بھی سنگین الزامات ہیں اور ان پر یہ بھی الزام ہے کہ ان کی لاپرواہی کے سبب یونیورسٹی نے العارف یونانی میڈیکل کالج کے طلبہ کو چارمینار کالج کو منتقل کردیا گیا ہے ۔ ڈاکٹر احسان الحق پر الزام ہے کہ اس نے تقریباً 50 طلبہ کو بغیر نیٹ امتحان کے داخلہ دیکر ان کے مستقبل سے کھلواڑ کیا ہے ۔