عدن ۔ 2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) القاعدہ کے بندوق برداروں نے جنوبی یمن کے ایک فوجی اڈہ پر حملہ کرتے ہوئے 19 فوجیوں کو ہلاک کردیا جبکہ صرف ایک روز قبل باغیوں اور جہادی بمباروں نے بھی یہاں حملے کئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق بندوق برداروںنے صوبہ ابیان میں واقع المفہد فوجی اڈہ پر ہلہ بول دیا اور ملٹری انفورسمنٹس کے آنے تک کئی گھنٹوں تک فوجی اڈہ کے اندر ہی رہے۔ دریں اثناء تین فوجی عہدیداروں نے بتایا کہ جہادیوں کے ساتھ ہوئی جھڑپوں میں 19 فوجی ہلاک ہوگئے۔ بعدازاں ملٹری انفورسمنٹس کے آنے کے بعد القاعدہ بندوق برداروں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ دیگر کو سعودی قیادت والی اتحادی فوج کے ذریعہ کئے گئے فضائی حملوں میں نکال باہر کیا گیا۔
