حیدرآباد ۔23 اگست (ایجنسیز) ۔ ہندوستانی سنیما اپنی سب سے بڑی اور مہنگی فلموں میں سے ایک کے لیے تیار ہو رہا ہے۔ مشہور ہدایتکار اٹلی جو میگا بلاک بسٹر فلموں کے لیے جانے جاتے ہیں، اب اللو ارجن، دپیکا پڈوکون اور وجے سیتوپتی کو ایک ہی فلم میں لا رہے ہیں، جس پر تقریباً 800 کروڑ روپے کا بجٹ لگایا جا رہا ہے۔ ہالی ووڈ ٹیکنیشنز اور جدید ترین وی ایف ایکس کے ساتھ یہ فلم (جس کا عارضی نام AA22xA6 رکھا گیا ہے) ہندوستانی فلمی صنعت کی تاریخ میں ایک سنگ میل ثابت ہونے جا رہی ہے۔دپیکا پڈوکون نے باضابطہ طور پر فلم میں شمولیت اختیارکرلی ہے اور وہ نومبر 2025 سے شوٹنگ شروع کریں گی۔ اطلاعات کے مطابق انہوں نے فلم کے لیے100 دن مختص کیے ہیں۔ دپیکا ایک بہادر جنگجو کے کردار میں نظر آئیں گی، جس کے لیے خصوصی لباس، زرہ بکتر اور ہتھیار تیارکیے جا رہے ہیں۔ یہ ان کے کیریئر کا سب سے مشکل اور جسمانی طور پر چیلنجنگ کردار سمجھا جا رہا ہے۔یہ ان کی ماں بننے کے بعد بڑی واپسی بھی ہوگی، جبکہ وہ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم کنگ میں بھی مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ شائقین انہیں ایک طاقتور ایکشن رول میں دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔ فلم میں سب سے بڑی شمولیت وجے سیتھوپتی کی ہے، جو مرکزی ویلن کا کردار نبھائیں گے۔ رپورٹس کے مطابق وہ ممبئی میں شوٹنگ کا آغاز بھی کر چکے ہیں، حالانکہ پروڈکشن ہاؤس نے باضابطہ اعلان ابھی تک نہیں کیا۔وجے اس سے قبل اٹلی کی فلم جوان میں شاہ رخ خان کے مخالف ویلن تھے ۔