اللہ تعالیٰ جسے چاہے ہدایت دیتا ہے …

,

   

ممبئی : بالی ووڈ فلم ’’جئے ہو‘‘ کی اداکارہ ثناء خان نے شوبز کو خیرباد کردیا ہے۔ اُنھوں نے سوشل میڈیا کے ذریعہ شائقین کو مطلع کیاکہ وہ انسانیت کی خدمت اور اپنے خالقِ حقیقی کے احکام کی تعمیل کا عہد کرچکی ہیں۔ ثناء نے ایک بیان بھی جاری کیا جس میں اُنھوں نے اپنے فیصلے کے تعلق سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ برسوں سے فلم انڈسٹری یعنی شوبز کی زندگی گزارتی رہی ہیں اور اِس عرصہ میں اُن کو شہرت، عزت اور دولت کے علاوہ اپنے چاہنے والوں کی طرف سے ستائش و پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ تاہم، کچھ عرصہ سے اُنھیں احساس ہونے لگا کہ اِس دنیا میں آنے کا مقصد صرف دولت اور شہرت کمانا نہیں ہے، تب سے اُنھوں نے غور و خوض شروع کیا اور اُن کا زندگی کے تعلق سے انداز فکر بدلنے لگا۔ اُن کے ذہن میں دو سوال اُبھر آئے۔ ایک یہ کہ زندگی میں دوسروں کی خدمت یعنی حقوق العباد کی غیرمعمولی اہمیت ہے۔ اِس معاملہ میں مَیں کیا کرتی رہی ہوں؟ دوسرا یہ کہ کیا انسان کو ایسا نہیں سوچنا چاہئے کہ اُسے کسی بھی وقت موت کا سامنا ہوسکتا ہے اور مرنے کے بعد اُس کے ساتھ کیا پیش آنے والا ہے۔ آیا اِس کی کوئی تیاری ہوئی ہے یا نہیں۔ اِن سوالات نے حقیقت میں اُن کی زندگی بدل دی اور اُنھوں نے شوبز چھوڑنے کا تہیہ کرلیا۔ اُنھوں نے تمام بھائیوں اور بہنوں سے درخواست کی ہے کہ اُن کے لئے دعا فرمائیں کہ اللہ تعالیٰ اُن کی توبہ قبول فرمائے۔