ریاض (کے این واصف ) :سعودی عرب مقامات مقدسہ کے مہمانان کی اعلیٰ ترین خدمت کیلئے اپنی مثال آپ ہے ۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے ورچول کابینی اجلاس میں تمام سرکاری ایجنسیوں اور حرمین شریفین کے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ رمضان کے دوران اللہ کے مہمانوں کو بہترین ممکنہ خدمات فراہم کی جائیں ۔ مہمانان رب العزت کے آرام ، تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنائے رکھیں ۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اس سال بھی رمضان کے دوران سخت احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں ۔ حرمین شریفین میں صرف اجازت نامہ حاصل کرنے والے معتمرین اور زائرین کو داخلے کی اجازت ہے ۔ نیز سابق کی طرح حرمین شریفین میں لوگوں کو کارخیر کے طور پر افطار کے دسترخوان لگانے کی اجازت ہے ، نہ سحری کیلئے پیاکٹس تقسیم کئے جاسکتے ہیں ۔ حرمین شریفین کے انتظامیہ نے ’’ سقایہ ‘‘ اور ’’ رفادہ‘‘ کمیٹی کے تعاون سے نماز اور عمرہ کیلئے آنے والوں اور حرمین شریفین کے کارکنان میں افطار پیاکٹس تقسیم کئے جارہے ہیں ۔ کمیٹی کے کارکنان دونوں مساجد میں موجود تمام افراد تک جاکر یہ پیاکٹس پہنچاتے ہیں ۔ افطار پیاکٹ کی تقسیم کے وقت کورونا وائرس سے بچاؤ کے مقرر تدابیر کی پابندی کی جارہی ہے ، ہر ممکنہ کوشش یہ ہے کہ کہیں بھی بھیڑ بھاڑ نہ ہو ۔ افطار پیاکٹس میں کھجور ، پانی کی بوتل کے علاوہ حفاظتی ماسک اور سینیٹائزر بھی مہیا کرایا جارہا ہے ۔