اللہ کے ۹۹؍ ناموں میں سے کسی کا مطلب تشدد نہیں : سشما سوراج کا او آئی سی اجلاس سے خطاب 

,

   

ابوظہبی : ہندوستان نے مذہب کے نام پر دہشت گردی کے جواز کی پاکستان کے خلاف جمعہ کو تنظیم اسلامی تعاون ( او آئی سی ) کے اہم اجلاس میں اپنا ٹھوس موقف پیش کرتے ہوئے رکن مسلم ممالک سے دہشت گردی کے خلاف موثر کارروائی کرنے پر زور دینے کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی کو ہرگز کسی مذہب سے نہ جوڑا جائے ۔ واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس میں ہندوستان کو مدعو کیا گیا ہے ۔

اس موقع پر وزیر خارجہ سشما سوراج خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ انسانیت کی حفاظت کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو دہشت گردوں کو تحفظ او ر دولت فراہم کرنے والے ممالک سے کہنا ہوگا کہ وہ ایسی کرتوتوں کو بند کریں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت لوگوں کو تباہ کررہی ہے او ردنیا کو بھی تباہی کے دہانے پر پہنچا رہی ہے ۔ سشما سوراج نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف صرف سفارت کاری ، انٹلی جنس او رفوجی وسائل سے لڑنا ناممکن ہے جب تک کہ اس میں علماء کرام ، روحانی پیشوا او ر دانشوران قوم آگے نہ آئیں ۔ اس موقع پر دوران خطاب سشما سوراج نے قرآن مجید کی آیت کا حوالہ دیا او رکہا کہ قرآن میں کہا گیا ہے کہ ’’ لا اکراہ فی الدین ‘‘ دین میں کوئی زبردستی نہیں ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کے ۹۹؍ نامو ں میں سے ایک بھی معنی تشدد کا نہیں ہے ۔ دنیا کا ہر مذہب امن و بھائی چارہ کا پیغام دیتا ہے۔ یہاں یہ تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ پاکستان نے ہندوستان کو اسلامی تعاون تنظیم میں مدعو کئے جانے پر ا س کا بائیکاٹ کیا او ر میزبان متحدہ عرب امارات سے درخواست کی تھی کہ وہ ہندوستان کے دعوت نامہ کو منسوخ کریں تب ہی وہ اس میں شرکت کریں گے لیکن متحدہ عرب امارات نے اس درخواست کو مسترد کردیا