المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد کا سہ روزہ تربیتی ورکشاپ ،فارغین علماء کو ملت کیلئے بافیض اور مفید بنانے کا بہتر اقدام

   

حیدرآباد (پریس ریلیز) 

المعہد العالی الاسلامی ملک کا نمایاں دینی تعلیمی اور تربیتی ادارہ ہے، اس نے مختصر وقت میں فارغین مدارس کی اعلیٰ تعلیم وتربیت کے حوالہ سے ملک وبیرون ملک میں اہم مقام حاصل کیاہے، بانی معہد حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کی سرپرستی اور قیادت میں یہ ادارہ ترقی کی سمت گامزن ہے، اس ادارہ کا امتیاز یہ ہے کہ یہاں سے جو طلبہ فارغ ہوچکے، فراغت کے بعد بھی ادارہ ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اورانہیں ملک وملت کیلئے بافیض بنانے کیلئے ہمہ وقت فکر مند اور کوشاں رہتا ہے، معہد کی یہی فکر اور کاوش تھی جب ۲۰۱۹ میں معہد کے طلبہ کا پہلا تربیتی ورکشاپ رکھا گیا تھا، جس میں ۲۰۰۰ء سے لے کر ۲۰۱۰ء تک کے فارغین کو مدعو کیا گیا تھا اور ملت کیلئے دینی خدمات کی انجام دہی کو کس طرح موثر طریقے سے انجام دیاجائے، اس پر ماہرین اور اکسپرٹ حضرات نے اپنے علم اور طویل تجربہ کی روشنی میں اپنی بات رکھی تھی، یہ ورکشاپ بہت مفید، نافع اور موثر ثابت ہوا، ارادہ تھاکہ اگلے سال ۲۰۲۰ میں بقیہ طلبہ کیلئے تربیتی ورکشاپ رکھاجائے لیکن کورونا کی وبا نے کئی سالوں تک اس ارادہ کو التوا میں رکھنے پر مجبور کردیا، اب ۲۰۲۳ میں دوبارہ سے معہد کے ۲۰۱۱ سے لے کر ۲۰۲۲ ء تک کے فارغین طلبہ کیلئے تربیتی ورکشاپ رکھا گیا ہے، یوں تو اس دوران فارغ ہونے والے طلبہ کی تعداد تقریباً دوہزار ہے، اور سبھی کو دعوت دی گئی ہے ،امید ہے کہ ا س ورکشاپ میں تقریباً پانچ سو طلبہ شرکت کریں گے۔

یہ پریس ریلیز المعہد العالی الاسلامی سے جاری ہوئی ہے۔