ڈی جی پی کا تبصرہ سے گریز، پولیس ملازمین کے خودکشی واقعات روکنے کونسلنگ کا منصوبہ
حیدرآباد۔/29 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ڈائرکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر جتیندر نے فلم اسٹار الوارجن کے مقدمہ پر تبصرہ سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ الوارجن کا معاملہ عدالت میں زیر دوران ہے لہذا وہ اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔ ڈی جی پی نے کہا کہ اس معاملہ کی تفصیلی جانچ جاری ہے چونکہ یہ معاملہ عدالت میں زیر دوران ہے لہذا وہ تبصرہ سے گریز کریں گے۔ حالیہ عرصہ میں پولیس ملازمین کی خودکشی واقعات میں اضافہ سے متعلق سوال پر ڈائرکٹر جنرل پولیس نے کہا کہ خودکشی کے واقعات صرف جاریہ سال نہیں بلکہ ہر سال کسی نہ کسی وجہ سے بعض ملازمین پولیس نے خودکشی کی ہے۔ ڈاکٹر جتیندر نے کہا کہ معاشی مسائل، شخصی تنازعات اور خاندانی مسائل کے سبب خودکشی کے واقعات پیش آرہے ہیں اور ان واقعات کا پولیس کی خدمات سے کوئی تعلق نہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں ڈائرکٹر جنرل پولیس نے کہا کہ خودکشی کے بعض واقعات میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ کام کے بوجھ کے سبب خودکشی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ملازمین کے خاندانوں کیلئے فیملی کونسلنگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے ملازمین پولیس سے اپیل کی کہ وہ خودکشی جیسے انتہائی اقدام سے گریز کریں۔ پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کی جانب سے الو ارجن واقعہ کے سلسلہ میں کئی سوالات کئے گئے لیکن ڈاکٹر جتیندر نے عدالت میں زیر دوران مقدمہ کا حوالہ دیتے ہوئے تبصرہ نہیں کیا۔ واضح رہے کہ 4 ڈسمبر کو سندھیا تھیٹر میں فلم ’ پشپا 2 ‘ کے بینفٹ شو کے موقع پر بھگدڑ میں ایک خاتون کی موت واقع ہوئی جبکہ خاتون کا کمسن لڑکا شدید زخمی ہوگیا جس کا کمس میں علاج جاری ہے۔ پولیس نے اس معاملہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے الوارجن کو A11 ملزم کے طور پر شامل کیا۔ الوارجن کو 13 ڈسمبر کو گرفتار کیا گیا اور نامپلی کورٹ نے 14 دن کی عدالتی تحویل میں دیا تاہم اسی دن ہائی کورٹ نے الوارجن کو چار ہفتوں کی عبوری ضمانت منظور کی اور دوسرے دن الوارجن کی جیل سے رہائی عمل میں آئی۔ تلگو فلم انڈسٹری نے حکومت سے ٹکراؤ ترک کرنے کی مساعی کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی ہے۔1