الوار میں مسلم جوڑے کو جئے شری رام کہنے کیلئے مجبور کیا گیا ، دو گرفتار

,

   

الوار (راجستھان)۔ /6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہریانہ سے تعلق رکھنے والا ایک مسلم جوڑا الوار بس اسٹانڈ پر بس کے انتظار میں ٹھہرا تھا ان کے قریب چند افراد پہونچ کر جئے شری رام کا نعرہ لگانے کیلئے زبردستی کررہے تھے ان میں سے کچھ لوگوں نے دست درازی کی بھی کوشش کی ۔ پولیس نے کہا کہ اس واقعہ میں ملوث دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ انہیں آج جج کے سامنے پیش کیا گیا ۔ جج نے دونوں کو /18 اکٹوبر تک عدالتی تحویل میں دیا ہے ۔ پولیس نے کہا کہ ہریانہ سے تعلق رکھنے والا مسلم جوڑا ہفتہ کی شب الوار بس اسٹانڈ پر بس کا انتظار کررہا تھا ۔ تقریباً 11.30 بجے دو آدمی موٹر سائیکل پر وہاں پہونچے جو نشہ میں دھت تھے ۔ اس جوڑے کو ہراساں کرنے لگے ۔ ایف آئی آر کے مطابق ان لوگوں نے مسلم جوڑے کو جئے شری رام کا نعرہ لگانے کیلئے زور دیا ۔ ان میں سے ایک شخص نے خاتون کے سامنے بے ہودہ حرکتیں شروع کیں ۔ راہ گیروں نے مداخلت کرتے ہوئے پولیس کو طلب کرلیا ۔ اسٹیشن ہاؤز آفیسر الوار مہیلا تھانہ چوٹمل ورما نے کہا کہ کتواری پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کیا گیا ہے اور اس کیس کو تحقیقات کیلئے منتقل کیا گیا ہے ۔ گرفتار شدہ افراد کو کوتوالی پولیس کے حوالے کیا گیا ۔ ان کی شناخت 23 سالہ ونش بھردواج اور 32 سالہ موہن بھاٹیہ کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ پولیس نے کہا کہ یہ دونوں نشہ میں دھت تھے اور ان کا طبی معائنہ کروایا گیا ۔ ان دونوں کے خلاف دفعہ 323 ، 354(A) ، 386 ، 292 کے تحت کیس درج کیا گیا ہے ۔ ضابطہ کی کارروائی کے بعد مسلم جوڑے کو اتوارکی صبح جانے کی اجازت دی گئی ۔