الور: راجستھان میں کورونا کے دوران آکسیجن گیس کی اہمیت دیکھتے ہوئے الور میں واقع تین آکسیجن پلانٹوں کی سکیورتی میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ریاستی حکومت نے اس کی حفاظت کے لئے مزید افسران مقرر کئے ہیں۔ اب ریاستی حکومت کی نگرانی میں ان پلانٹوں سے آکسیجن کی سپلائی کی جائے گی۔ اولین ترجیح پر راجستھان کو رکھنے کے بعد ہی دیگر ریاستوں کو ان کے حصے کی آکسیجن سپلائی کی جائے گی۔ راستے میں کوئی رخنہ پیدا نہ ہو اس لئے آکسیجن کے ٹینکروں کو پولیس سکیورٹی میں بھیجا جارہا ہے ۔ذرائع نے آج بتایا کہ پلانٹوں کی سکیورٹی کے لئے اعلی سطح کے افسران کو نگرانی اور حفاظت کے لئے تعینات کیا گیا ہے ۔ بھیواڑی واقع آئی ناکس آکسیجن پلانٹ سے اب مدھیہ پردیش کو آکسیجن کی سپلائی نہیں کی جائے گی۔ ہند سرکار نے اس کمپنی سے ہونے والی سپلائی کا فیصلہ بدلتے ہوئے مدھیہ پردیش کا کوٹہ ختم کردیا ہے ۔ اب نئے کوٹے کے مطابق راجستھان کو 80 کلو لیٹر، دلی اور ہریانہ کو 20، 20 کلو لیٹر کی سپلائی ہوگی۔