الور کے ای ایس آئی سی میڈیکل کالج میں شدید آلودگی

   

الور: راجستھان میں الور کا ای ایس آئی سی میڈیکل کالج ان دنوں اڑنے والی دھول کی وجہ سے آلودہ ہو رہا ہے ۔یہاں روزانہ آنے والے تقریباً 4000 لوگ پریشان رہتے ہیں۔میڈیکل کالج کے ڈین نند کشور الوا نے اس سلسلے میں وزیراعلیٰ تک اپنی شکایات پہنچائی ہے اور ان سے ذاتی طور پر ملاقات کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کالج کے انڈسٹریل ایریا میں رہنے کی وجہ سے یہاں سب سے بڑا مسئلہ آلودگی ہے ۔ یہاں کی فیکٹریوں سے مسلسل گرد و غبار اور دھواں نکلتا ہے جس سے مریضوں کے ساتھ ساتھ عملہ اور ان کے ساتھ آنے والے لوگوں کو بھی پریشانی ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہاں تقریباً 1000 سے زائد آؤٹ ڈور ہیں۔ ان کے ساتھ روزانہ تقریباً 4000 سے 5000 لوگ اسپتال آتے ہیں۔ یہاں اڑنے والا دھواں بہت پریشان کن ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں وہ ضلع کلکٹر سے بھی ملے ہیں اور وزیر اعلیٰ سے بھی ملاقات کی ہے۔