الو ارجن کا 19 اگست کو ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کا دورہ

   

خسر کے حق میں انتخابی مہم کا امکان
حیدرآباد ۔11۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی انتخابات کی مہم میں فلمی شخصیتوں کی بڑے پیمانہ پر شمولیت کا امکان ہے۔ تلگو فلم اسٹار الو ارجن اپنے خسر کی کامیابی کے لئے ابھی سے انتخابی مہم کا آغاز کرسکتے ہیں۔ الو ارجن 19 اگست کو ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کا دورہ کریں گے۔ آئندہ اسمبلی انتخابات میں ان کے خسر کے چندر شیکھر ریڈی ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کی تیاری کر رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چندر شیکھر ریڈی نے حلقہ کے دورہ کا آغاز کردیا ہے ۔ چندر شیکھر ریڈی کو 2014 ء میں ابراہیم پٹنم اسمبلی حلقہ سے بی آر ایس نے ٹکٹ دیا تھا لیکن وہ کامیاب نہ ہوسکیں۔ اس کے بعد سے وہ ناگر جنا ساگر اسمبلی حلقہ میں سرگرم ہوچکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ نوجوان نسل کو راغب کرنے کیلئے چندر شیکھر ریڈی نے اپنے داماد کی مدد حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ چندر شیکھر ریڈی کو ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ سے ٹکٹ کے الاٹمنٹ کے بارے میں متضاد اطلاعات گشت کر رہی ہیں۔
اردو یونیورسٹی کے تحریری ٹسٹس
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی جانب سے مختلف غیر تدریسی پوسٹس کے لیے تحریری رکروٹمنٹ ٹسٹس 19 تا 22 اگست یہاں اس کے گچی باولی کیمپس پر منعقد کیا جائے گا ۔ اہل امیدواروں کو ہال ٹکٹس روانہ کئے گئے ہیں ۔ مزید تفصیلات کے لیے ویب سائٹ manuu.edu.in ملاحظہ کریں ۔۔