سکیوریٹی انتظامات کا حوالہ، زخمی سری تیجا کی حالت میں معمولی سدھار
حیدرآباد : 6 جنوری (سیاست نیوز) پولیس نے فلم اسٹار الو ارجن کو 24 گھنٹے میں دوسری مرتبہ نوٹس جاری کی ہے۔ الو ارجن کی جانب سے پشپا۔2 فلم کے پریمئر شو کے موقع پر بھگدڑ میں زخمی لڑکا سری تیجا کی عیادت کے لیے کمس ہاسپٹل جانے کے منصوبے پر پولیس نے نوٹس جاری کی ہے۔ رام گوپال پیٹ پولیس نے کل نوٹس جاری کرتے ہوئے الو ارجن کو ہاسپٹل جانے سے روک دیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے آج ایک اور نوٹس جاری کی ہے اور کمس ہاسپٹل جانے کی صورت میں پولیس کو اطلاع دینے کی ہدایت دی گئی۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عیادت کے لیے روانگی کے پروگرام سے پولیس کو واقف کرایا جائے تاکہ ہاسپٹل کے پاس حفاظتی انتظامات کئے جاسکیں۔ پولیس نے گیتا آرٹس کے دفتر پہنچ کر الو ارجن کے منیجر کروناکر کو نوٹس حوالے کی۔ بتایا جاتا ہے کہ نامپلی کورٹ سے ضمانت پر رہا فلم اسٹار الو ارجن کمس ہاسپٹل پہنچ کر زخمی سری تیجا کی عیادت کرنا چاہتے ہیں۔ پولیس کے مطابق ضمانت کے لیے عدالت نے جو شرائط مقرر کی ہیں ان کی خلاف ورزی کا اندیشہ ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ہاسپٹل جانے کی قبل از وقت اطلاع دی جائے بصورت دیگر کسی بھی ناگہانی کے لیے الو ارجن ذمہ دار رہیں گے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ہاسپٹل روانگی کے لیے پولیس سے قبل از وقت اجازت حاصل کی جائے۔ پولیس نے الو ارجن کو مشورہ دیا کہ سکیوریٹی انتظامات کے پیش نظر پولیس سے اجازت کے باوجود ہاسپٹل جانے کے منصوبے کو راز میں رکھا جائے۔ واضح رہے کہ 4 ڈسمبر کو بھگدڑ واقعہ میں ریوتی نامی ایک خاتون کی موت واقع ہوئی جبکہ ان کا لڑکا سری تیجا شدید طور پر زخمی ہوا ہے۔ الو ارجن نے متاثرہ خاندان کی مدد کے لیے 25 لاکھ روپئے کا اعلان کیا لیکن پولیس نے ابھی تک ہاسپٹل جانے کی اجازت نہیں دی ہے۔ ہاسپٹل حکام بھی الو ارجن کے دورہ کے حق میں نہیں ہیں۔ الو ارجن کے والد الو اروند نے ہاسپٹل پہنچ کر زخمی سری تیجا کی عیادت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ سری تیجا کی حالت میں کسی قدر سدھار ہوا ہے تاہم ڈاکٹرس کے مطابق مکمل صحتیابی کے لیے وقت لگ سکتا ہے۔ ڈاکٹرس اس بات کی کوشش کررہے ہیں کہ سری تیجا اپنے والد اور رشتہ داروں کو پہچان سکے۔ 1