نامپلی کورٹ میں الو ارجن ورچول پیش ہوئے، پولیس کو حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔27۔ڈسمبر (سیاست نیوز) فلمسٹار الو ارجن کی ضمانت کی درخواست کی سماعت نامپلی کورٹ میں 30 ڈسمبر تک ملتوی کردی گئی ۔ ہائی کورٹ کی جانب سے عبوری ضمانت کے بعد انہیں باقاعدہ ضمانت کیلئے نامپلی کورٹ سے رجوع ہونے کی ہدایت دی گئی تھی۔ الو ارجن نے نامپلی کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی جس کی آج سماعت ہوئی ۔ پولیس نے جوابی حلفنامہ داخل کرنے کیلئے عدالت سے وقت مانگا جس پر فاضل جج نے آئندہ سماعت پیر تک ملتوی کردی۔ فلم پشپا 2 کے بینیفٹ شو کے موقع پر سندھیا تھیٹر میں بھگدڑ کے واقعہ کے سلسلہ میں الو ارجن کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا اور انہیں گرفتار کیا گیا تھا ۔ ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت کی منظوری کے بعد الو ارجن جیل سے رہا ہوئے تھے۔ نامپلی کورٹ میں الو ارجن کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں دینے کے جو احکامات جاری کئے تھے، وہ آج ختم ہوئے جس کے بعد الو ارجن آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ عدالت میں پیش ہوئے۔ نامپلی کورٹ نے سندھیا تھیٹر میں پیش آئے بھگدڑ کے واقعہ کے ایک اور معاملہ میں سماعت کو 10 جنوری تک ملتوی کردیا ہے۔ الو ارجن کی ضمانت کی درخواست پر پولیس کو حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ 4 ڈسمبر کو فلم کے بینیفٹ شو کے موقع پر بھگدڑ میں ایک خاتون کی موت واقع ہوئی جبکہ ایک کمسن لڑ کا شدید طور پر زخمی ہوا۔ فلم پشپا 2 کی ریلیز کے بعد الو ارجن تنازعات میں گھر چکے ہیں۔ تلگو فلم انڈسٹری اور حکومت کے درمیان دوری پیدا ہوگئی اور چیف منسٹر نے اسمبلی میں الو ارجن کے خلاف بیان دیا تھا۔1