الٰہ آباد۔13 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) اُترپردیش کے ضلع الٰہ آباد میں سی اے اے اور این آر سی کے خلاف مسلم خواتین غیرمعینہ احتجاج کررہی ہیں ۔ یہ احتجاج اتوار کو منصور علی پارک میں شروع ہوا جہاں خواتین بڑی تعداد میں جمع ہیں۔ احتجاجی سارہ احمد نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت فرقہ وارانہ حملوں میں ملوث ہورہی ہے ۔ اُنھوں نے کہاکہ شہریت ترمیمی قانون اور قومی رجسٹر شہریان کوئی دو مختلف چیزیں نہیں ہے ، وہ مربوط ہیں۔ یہ سی اے اے اور این آر سی کے ذریعہ دستور کے بنیادی ڈھانچہ کو برباد کرنے کی کوشش ہے ۔ شہر اور پڑوس کے مختلف علاقوں جیسے چوک ، کریلی ، چکیا و دیگر سے خواتین اس احتجاج میں شریک ہیں۔ سیماآزاد نے کہاکہ ہم سے ہماری شہریت ثابت کرنے کیلئے کہا جارہا ہے حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ ہمارے آباء و اجداد اسی ملک میں رہے ۔ ہم اُن کے اسناد کس طرح پیش کرسکتے ہیں۔