احمدآباد،25ستمبر(سیاست ڈاٹ کام)شرد پوار کی قیادت والی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی(این سی پی) نے گجرات کی چھ سیٹوں پر 21 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں امیدوار اتارنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا آج ان میں سے ایک سیٹ رادھن پور سیٹ سے اپنے امیدوار کے نام کا اعلان کر دیا۔ واضح رہے کہ کانگریس چھوڑکر بی جے پی کا دامن تھامنے والے الپیش ٹھاکور کے استعفیٰ کے سبب یہ سیٹ خالی ہوئی تھی۔ این سی پی کے ریاستی ترجمان رنجیت سنگھ ڈھلو نے یو این آئی کو بتایا کہ مسٹر فرسو گوکلانی کو پارٹی نے شمالی گجرات کی رادھن پور سیٹ پر امیدوار بنایا ہے ۔ پارٹی باقی پانچ سیٹوں بائڈ،امرائیواڑی، شراد،لُناوڑا اور کھیرالو پر بھی جلد امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرے گی۔ خیال رہے کہ آرٹی آئی کارکن اور سا بق کانگریس کے رہنما مسٹر گوکلانی ریاست کے سینیئر رہنما اور موجودہ وزیر شنکر چودھری کی ڈگری کو فرضی قرار دیتے ہوئے عدالت میں چیلنج کرکے سرخیوں میں آئے تھے ۔ حالانکہ عدالت نے ان کی عرضی کو خارج کردیا تھا۔ کانگریس اور بی جے پی نے اب تک ضمنی الیکشن کے لیے ایک بھی امیدوار کے نام کا اعلان نہیں کیا ہے حالانکہ مانا جارہا ہے کہ ناک کا سوال بننے والی اس سیٹ پر بی جے پی مسٹر ٹھاکور کو امیدوار بناسکتی ہے ۔
