الکٹورل بانڈ کی بدعنوانی کسی اور ملک میں ہوتی تو حکومت گر جاتی:رام گوپال

   

اٹاوہ: سماج وادی پارٹی جنرل سکریٹری پروفیسر رام گوپال یادو نے مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ الکٹورل بانڈ کی بدعنوانی اگر دنیا کے کسی اور ملک میں ہوتی تو حکومت گر جاتی۔ اس سے بڑی بدعنوانی کسی ملک میں نہیں ہوئی ہے ۔انہوں نے اتوار کو اپنی رہائش گاہ پر میڈیا کو بتایا کہ ای ڈی نے لوگوں کو ڈرا دھمکا کر چھاپے مارے اور پھر 400 کروڑ روپے چندہ دیدیا۔ صرف ایک نہیں بلکہ کئی کمپنیاں ہیں۔ ٹنل کمپنی نے 1500 کروڑ کا چندہ دیا اور اس کو ٹھیکہ چندے کی وجہ سے دیا گیا۔
دنیا کا کوئی اور ملک ہوتا تو اب تک حکومت چلی جاتی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کانگریس، سماج وادی پارٹی اور بی جے پی نے ابھی تک سبھی سیٹوں پر ٹکٹ کا اعلان نہیں کیا ہے ، لیکن بی جے پی جھوٹی تقریریں کرکے عوام کو گمراہ کررہی ہے ، عوام سمجھ چکے ہیں کہ حکومت کے خلاف زبردست غصہ ہے ۔