نئی دہلی۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ’کمبھ میلہ‘ سے دو ہفتے قبل مرکزی حکومت نے الہ آباد کا نام بدل کر ’پریاگ راج‘ رکھنے کی منظوری دے دی ہے جس کے لئے حکومت اترپردیش نے اجازت طلب کی تھی۔ عہدیداروں نے آج یہ بات بتائی۔ یہ فیصلہ چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کے زیرقیادت ریاستی حکومت کی جانب سے اس تاریخی شہر کا نام بدل کر پریاگ راج رکھنے کا فیصلہ کرنے کے دو ماہ بعد کیا گیا۔ وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ مرکزی حکومت نے تقریباً 10 دن قبل آلہ آباد کا نام تبدیل کرکے پریاگ راج رکھنے کی منظوری دے دی۔ پریاگ راج میں کمبھ میلہ کا آغاز مکر سنکرانتی پر 15 جنوری کو ہوگا اور اس کا اختتام مہا شیوراتری پر 4 مارچ کو ہوگا۔ مرکزی حکومت نے گزشتہ ایک سال میں ملک میں کم از کم 25 ٹاؤنس اور ولیجس کے ناموں کو بدل کر دوسرے نام رکھنے کی منظوری دی ہے۔ اترپردیش کے فیض آباد ڈسٹرکٹ کا نام بدل کر ایودھیا رکھنے کی تجویز رکھنے ہنوز ریاستی حکومت سے موصول نہیں ہوئی ہے۔