الہ آباد ہائی کورٹ نے گیان واپی مسجد معاملہ میں بڑا فیصلہ دیا ہے ۔ ہائی کورٹ نے گیان واپی مسجد احاطے میں اے ایس آئی کے سروے پر روک لگادی ہے ۔ عدالت نے وارانسی سول کورٹ کے 8 اپریل کے فیصلہ پر روک لگا دی ہے ۔ اس سے پہلے سول کورٹ نے مسجد کے احاطے کی جانچ کیلئے اے ایس آئی سروے کا حکم دیا تھا ۔ اس حکم کے خلاف یوپی سنی سینٹرل وقف بورڈ اور مسجد کمیٹی کی جانب سے سروے پر روک لگانے کا مطالبہ کیا گیا تھا ۔مسجد کی انتظامیہ کمیٹی اور یوپی سنی سینٹرل وقف بورڈ نے وارانسی عدالت کے فیصلہ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سلسلہ میں ایک معاملہ پہلے ہی ہائی کورٹ میں ہے ، ایسے میں وارانسی کی عدالت ایسا کوئی حکم نہیں دے سکتی اور اس حکم کو رد کیا جانا چاہئے ۔ اس معاملہ میں بحث کے بعد ہائی کورٹ نے 31 اگست کو فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا ۔