الیکشن جیتنے کیلئے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کا استعمال حیدرآباد میں بی جے پی پر اشوک گہلوٹ کی تنقید

   

حیدرآباد۔/28 نومبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوٹ نے بی جے پی اور بی آر ایس کے الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ کانگریس زیر اقتدار ریاستوں میں عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی گئی ہے۔ حیدرآباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اشوک گہلوٹ نے کہا کہ راجستھان میں ان کی حکومت نے 2 لاکھ روز گار فراہم کئے اور دیگر انتخابی وعدوں پر عمل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی کی بی جے پی حکومت آٹوموڈ میں چل رہی ہے اور گذشتہ دس برسوں میں عوام کو کوئی راحت نہیں ملی۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے سوال کیا کہ 5 ریاستوں کی انتخابی مہم میں میزورم کا دورہ کیوں نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کی چھ ضمانتیں تمام طبقات کی بھلائی کی ضمانت ہے اور ریاست میں بی آر ایس حکومت کا زوال یقینی ہے۔ اشوک گہلوٹ نے بی آر ایس اور بی جے پی میں مفاہمت کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ایک دوسرے کی حکومت کو بچانے کیلئے مساعی کی جارہی ہے۔ راجستھان میں پرچہ جات کے افشاء میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی گئی جبکہ تلنگانہ میں برسر اقتدار پارٹی سے قربت رکھنے والے افراد افشاء میں ملوث رہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں کامیابی کیلئے بی جے پی انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کا استعمال کررہی ہے۔ اشوک گہلوٹ نے تلنگانہ کی کے سی آر حکومت کو ملک کی انتہائی کرپٹ حکومت قرار دیا۔