ملک کے مفاد میں سب کو متحد رہنے کا مشورہ‘ بنگلہ دیش کے متوقع وزیر اعظم کا خطاب
ڈھاکہ ۔14 ؍فروری ( ایجنسیز )بنگلہ دیش کے متوقع وزیرِاعظم طارق رحمٰن نے کہا ہے کہ راستے اور آراء مختلف ہو سکتے ہیں مگر ملک کے مفاد میں سب کو متحد رہنا ہو گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عام انتخابات کے نتائج کے بعد بنگلہ دیش کے متوقع وزیرِاعظم طارق رحمٰن نے عام انتخابات میں کامیابی جمہوریت کیلئے قربانی دینے والوں کے نام کر دی ہے۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ ملک کے مفاد میں سب کو متحد رہنا ہو گا۔ قومی اتحاد اجتماعی طاقت ہے جبکہ تقسیم کمزوری کا باعث بنتی ہے۔ عبوری سربراہ ڈاکٹر یونس نے انتخابات میں کامیابی پر طارق رحمٰن کو مبارکباد دی۔طارق رحمٰن نے کہا ہے کہ آزادی اور جمہوریت سے محبت کرنے والے عوام نے ایک بار پھر بی این پی کو کامیابی دلائی اور یہ فتح بنگلہ دیش، جمہوریت اور ان لوگوں کی ہے جنہوں نے جمہوریت کے لیے جدوجہد اور قربانیاں دیں۔بی این پی رہنما نے یہ بھی کہا ہے کہ نئی حکومت کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہو گا۔ ہم ایسی صورتِ حال میں ملک کا نظام سنبھالنے جا رہے ہیں جب ملک کو کمزور معیشت، آئینی و ادارہ جاتی کمزوریاں اور خراب امن و امان کی صورتِ حال کا سامنا ہے۔