حیدرآباد/19 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ نے نریندر مودی کی مزدوروں کے ساتھ کھانے کی تصویر پر طنز کیا اور کہا کہ نریندر مودی کو الیکشن میں مزدوروں کی یاد آئی جبکہ لاک ڈاؤن میں مزدوروں کی تکالیف کو وہ بھول گئے۔ ٹوئٹر پر کے ٹی آر نے وزیر اعظم کی کاشی وشواناتھ راہداری افتتاحی تقریب کے بعد مزدوروں کے ساتھ کھانا کھاتے تصویر کو ٹوئٹر پر پیش کیا اس تصویر کے ساتھ کے ٹی آر نے کورونا لاک ڈاؤن کے موقع پر نقل مقام کرنے والے مزدوروں کی تکلیف بھری تصویر بھی جوڑ دی۔ دونوں کو ایک ساتھ پیش کرکے کے ٹی آر نے طنز کیاکہ الیکشن ہو تو یہ حالت‘ مزدوروں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھاتے ہیں اور الیکشن نہ ہو تو نقل مقام کرنے والے مزدوروں کی تکالیف کو بھلا دیا گیا۔ نقل مقام کرنے والے مزدوروں کی تکالیف کا اندازہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ راہداری کے افتتاح پر مزدوروں کے ساتھ وزیر اعظم کی یہ محبت دیکھ کر حیرت ہورہی ہے۔ لاکھوں مزدور لاک ڈاؤن میںپیدل چلتے ہوئے تکالیف برداشت کرتے رہے تاکہ منزل تک پہنچ سکیں لیکن مودی کی ان کے ساتھ محبت کہاں چلی گئی تھی۔ مائیگرنٹ ورکرس کی منتقلی کیلئے حکومت نے شرامک ریل کا انتظام کیا لیکن ان سے جبراً چارجس وصول کئے گئے۔ مرکزکے ساتھ تلنگانہ حکومت کے جاریہ ٹکراؤ کے پس منظر میں کے ٹی آر کا یہ طنز اہمیت کا حامل ہے۔ر