الیکشن میں کانگریس کی تائید پرپروفیسر کودنڈا رام سے اظہار تشکر

   

حیدرآباد۔/5 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی چناؤ میں حصہ لئے بغیر کانگریس پارٹی کی تائید کرنے پر اظہار تشکر کیلئے کانگریس کے سینئر قائدین نے آج تلنگانہ جنا سمیتی کے سربراہ پروفیسر کودنڈا رام سے ملاقات کی۔ پردیش کانگریس کے نائب صدر ملوروی کی قیادت میں پارٹی قائدین نے جنا سمیتی کے دفتر پہنچ کر کودنڈا رام اور دیگر قائدین سے بات چیت کی اور ریاست بھر میں کانگریس کی تائید پر اظہار تشکر کیا۔ پروفیسر کودنڈا رام اور ان کے ساتھی انتخابات میں حصہ لینے کی تیاری کررہے تھے لیکن ریونت ریڈی اور دیگر قائدین نے انہیں مخالف حکومت ووٹ کی تقسیم کے اندیشہ کے تحت انتخابات میں حصہ نہ لینے کا مشورہ دیا۔ کودنڈا رام کو تشکیل حکومت کے بعد تلنگانہ کی ترقی سے متعلق اہم ادارہ کا سربراہ مقرر کرنے کا امکان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ ڈیولپمنٹ بورڈ تشکیل دیتے ہوئے کودنڈا رام کو صدرنشین مقرر کیا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر ملوروی نے کے سی آر حکومت کے خلاف جدوجہد اور کانگریس کی تائید پر اظہار تشکر کیا۔ کودنڈا رام کو تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی اور اس موقع پر سابق آئی اے ایس عہدیدار اے مرلی، نیو ڈیموکریسی اور بی سی سنگم کے قائدین موجود تھے۔